بنگلورو ،10؍ستمبر(ایس او نیوز)مرکزی وزیر برائے اسکل ڈیولپمنٹ اننت کمار ہیگڈے نے بڑا چونکانے والا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ" مجھے ہندتووادی کے طور پر پیش کیا جاتا ہے لیکن میں ہندتووادی نہیں ہوں!"
وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ بی جے پی دفتر میں پہنچ کر اعزاز قبول کرتے ہوئے مسٹر اننت کمار نے کہا کہ" مجھے وزارت میں کس لئے شامل کیا گیا ہے اس کا راز وزیراعظم مودی اور صدر امیت شاہ ہی کو معلوم ہے۔ میں پارٹی کارکنوں کی رسوائی والا کام کبھی بھی نہیں کروں گا۔ریاستی سیاست میں داخل ہونے کی کوئی خواہش میرے دل میں نہیں ہے۔میں نے ایسا کوئی خواب نہیں دیکھا ہے۔اور میں ایسے خواب دیکھنے والا شخص بھی نہیں ہوں۔اب سیاست کا مطلب روپیہ پیسہ اور ذات پات ہوگیا ہے۔ایک پیسہ بھی خرچ کیے بغیر میں 5مرتبہ رکن پارلیمان بنا ہوں۔اس کا سبب ضلع شمالی کینرا کے ووٹرس ہیں۔ سب کے پیار اور اعتمادنے مجھے یہاں تک پہنچایا ہے۔"
اننت کمارنے خاص کر میڈیا پر نشانہ سادھتے ہوئے کہاکہ" مجھ پر کچھ الزامات ہیں۔ پیسے کے لئے الفاظ بیچ کر پیٹ پالنے والے کچھ لوگ میرے خلاف بے بنیا د الزامات عائد کرتے ہیں۔میں ان سب کی پروا نہیں کرتا۔میں ہمیشہ سے ہی صاف گو رہا ہوں۔مجھے ڈھونگ رچانا نہیں آتا۔اور اس کی ضرورت بھی مجھے نہیں ہے ۔ دیش کے لئے، دیش کے جھنڈے کے لئے ایسے الزامات اپنے سر لینے کے لئے میں تیار ہوں۔"
خیال رہے کہ مرکزی وزیر بننے کے بعد پہلی مرتبہ ریاستی دفترمیں آنے والے اننت کمار کی تہنیت تو کی گئی ، مگر اس موقع پر سابق نائب وزیر اعلیٰ آر اشوک، ایم ایل اے ڈاکٹر اشوت نارائن جیسے چند ایک لیڈروں کو چھوڑ کربی جے پی کا کوئی بھی بڑالیڈر اننت کمار کے استقبال کے لئے نہیں پہنچاتھا، جس سے وزیر موصوف کا مایوس ہونا فطری بات تھی۔